مودودی صحابہ کے بارے میں کیسا عقیدہ رکہتے ہیں

سوال کا متن:

(۱) ابوالاعلی مودودی کے عقیدہ اور اس کے(۳) ترجمہ قرآن کے بارے میں کیا خیال ہے ،اور (۲)مودودی صحابہ کے بارے میں کیسا عقیدہ رکہتے ہیں۔براہ کرم جواب جلد عنا یت فر ما ئیں۔

جواب کا متن:

بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa: 393-1370/H=1/1439
(۱) مودودی صاحب کے عقائد اور نظریات جادہٴ مستقیم سے ہٹے ہوئے ہیں، اہل حق اہل سنت والجماعت سے منحرف ہیں۔
(۲) حضراتِ صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی تنقیص اور ان اکابرِ دین پر بیجا الزامات لگاکر مودودی صاحب مجروح کرتے ہیں غلط حوالے دے کر بھی عیب جوئی کے نظائر ان کی کتب میں بکثرت ہیں۔
(۳) ترجمہٴ قرآن (تفہیم القرآن) میں صراطِ مستقیم سے ہٹ کر بہت ٹھوکریں کھائی ہیں مثلاً ایک جگہ لکھا ہے ”احد کی شکست کا سب سے بڑا سبب یہ تھا کہ مسلمان (صحابہٴ کرام رضی اللہ(ھ)) عین کامیابی کے موقعہ پر مال کی طمع سے مغلوب ہوگئے اور اپنے کام کو تکمیل تک پہنچانے کے بجائے غنیمت کو لوٹنے میں لگ گئے۔ (تفہیم القرآن ج۱ص۲۸۷) دنیا جانتی ہے کہ طمع کا تعلق دل سے ہوتا ہے معلوم نہیں اس بندہٴ خدا (مودودی صاحب) کو صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کے دلوں میں طمع صدیاں گذرجانے کے بعد کس طرح نظر آگئی؟ پھر غنیمت لوٹنے میں لگ گئے یہ انتہائی بھونڈی اور گستاخانہ تعبیر ہے بلکہ الزام تراشی کے قبیل سے بھی ہے، اسی طرح سلفِ صالحین راسخین فی العلم اکابر کی تفاسیر پر بے اعتمادی صحیح احادیث پر بے جا رد وقدح ان کی تفہیم القرآن اور لٹریچر کے خصوصی امتیازات ہیں جیسا کہ اُن اہل علم حضرات پر مخفی نہیں ہے کہ جنھوں نے مودودی صاحب کی کتابوں کو دلائل کی روشنی میں بغور ملاحظہ کیا ہے، فتاوی محمودیہ فتاوی رحیمیہ وغیرہ میں مفصل مدلل کلام ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
ماخذ :دار الافتاء دار العلوم دیوبند
فتوی نمبر :147700
تاریخ اجراء :Sep 25, 2017