اشعری ، ماتریدی، معتزلی کون ہیں؟

سوال کا متن:

شعری ، ماتریدی، معتزلی کون ہیں؟

جواب کا متن:

Ref. No. 39/1061

الجواب وباللہ التوفیق 

بسم اللہ الرحمن الرحیم:۔  ۱/اشعری :  یہ فرقہ امام ابوالحسن الاشعری کی طرف منسوب ہے جو حضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے ہیں۔ عقیدہ کے باب میں ان کی پیروی کرنے والے اشعری کہلاتے ہیں ۔ ۲/ماتریدی : یہ فرقہ ابومنصور ماتریدی کی طرف منسوب ہے جو امام محمد بن الشیبانی کے شاگرد ہیں۔ (یہ امام محمد امام ابوحنیفہ کے شاگرد اور امام شافعی کے استاذ ہیں)۔ان کے متبعین کو ماتریدی کہاجاتاہے۔ 

 امام  ابو الحسن اشعری  اور امام ابو منصور ماتریدی    یہ دونوں حضرات اہل سنت والجماعت میں سے ہیں ۔ ان کے دور میں عقیدہ کے باب میں لوگ مختلف نظریات اور شکوک و شبہات میں مبتلا تھے، ان دونوں حضرات   نے مسائل اعتقادیہ میں بڑی تحقیق و تدقیق کی ہے اور اسلامی عقائد کو عقل و نقل سے مدلل کر کے ثابت کیا اور عقائد کے باب میں جو غیروں نے شکوک و شبہات عوام کے ذہن میں ڈالے تھے ان کا خاتمہ کیا  تاکہ اہل سنت والجماعت کا مسلک خوب روشن ہوجائے ۔  ۳/معتزلی: اس فرقے کا بانی واصل بن عطاء الغزال تھا جس کے عقائد  اہل سنت والجماعت کے  خلاف  تھے۔ اہل سنت والجماعت سے الگ ہوجانے کی بناپر ان کو معتزلہ کہا جاتا ہے اور ان کے ماننے والے کو معتزلی کہتے ہیں۔ معتزلہ کے مذہب کی بنیاد عقل پر ہے اور عقل کو نقل پر ترجیح دیتے ہیں، عقل کے خلاف قطعیات میں تاویلات کرتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔

واللہ اعلم بالصواب

 

دارالافتاء

دارالعلوم وقف دیوبند

ماخذ :دار الافتاء دار العلوم (وقف) دیوبند
فتوی نمبر :1241
تاریخ اجراء :May 27, 2018,